کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبہ جدید ٹیکنالوجی، شفافیت اور ڈیجیٹل گورننس کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جہاں حکومتی امور کو جدید ڈیجیٹل اصلاحات کے ذریعے مزید مؤثر بنایا جائے گا۔
ورلڈ ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن سوسائٹی ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ بلوچستان حکومت نے پہلی مرتبہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی 2026 متعارف کرائی ہے، جسے مواصلاتی اور انتظامی اصلاحات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت مختلف محکموں میں شفافیت، میرٹ اور بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ دینے کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹمز نافذ کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بھرتیوں کے عمل میں شفافیت، انصاف اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ریکروٹمنٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق ٹیکنالوجی پر مبنی گورننس سے عوامی خدمات کی فراہمی اور ادارہ جاتی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت ایک شفاف، مؤثر اور جدید انتظامی نظام کے قیام کے لیے جدید ڈیجیٹل حل اپنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
سرفراز بگٹی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل رابطہ کاری صوبے میں گورننس کے مسائل کے حل اور ترقی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔