کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے تمام صوبائی محکموں کو ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں شفافیت، کارکردگی اور عوامی خدمات کی بہتر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے جاری ترقیاتی منصوبوں، پرانی سرکاری گاڑیوں کی نیلامی اور گورننس کو مضبوط بنانے کے لیے جاری ادارہ جاتی اصلاحات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے زور دیا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں اور سرکاری افسران اپنی تعیناتی کی جگہوں پر موجود رہ کر عوامی مسائل کے فوری حل اور مؤثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
شکیل قادر خان نے کہا کہ بہتر طرزِ حکمرانی کے لیے احتساب، نظم و ضبط اور انتظامی افسران کی فیلڈ میں فعال موجودگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی سطح پر غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیف سیکرٹری نے مزید بتایا کہ صوبائی کوٹے پر خالی آسامیوں کو پُر کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے ساتھ رابطہ کیا جا رہا ہے، جس سے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت انتظامی اصلاحات، شفافیت اور عوامی خدمات کی فراہمی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔