وسائل کی منصفانہ تقسیم اور یکساں ترقی کا مطالبہ: جنوبی خیبرپختونخوا میں بھی نئے صوبے کے قیام کی آوازیں تیز

وسائل کی منصفانہ تقسیم اور یکساں ترقی کا مطالبہ: جنوبی خیبرپختونخوا میں بھی نئے صوبے کے قیام کی آوازیں تیز

Sep 11, 2026|ویب ڈیسک


ملک بھر میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام پر جاری بحث میں اب جنوبی خیبرپختونخوا کے عوام بھی کھل کر سامنے آ گئے ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان اور ملحقہ علاقوں کے شہریوں نے وسائل کی منصفانہ تقسیم، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انتظامی بہتری کے لیے الگ صوبہ بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے شہریوں کا کہنا ہے کہ خطے میں صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات کا فقدان ہے، جس کے باعث علاج معالجے اور اعلیٰ تعلیم کے لیے مقامی آبادی کو پشاور، ملتان یا اسلام آباد کا رخ کرنا پڑتا ہے۔

شہریوں کے مطابق اگر ڈیرہ اسماعیل خان اور اردگرد کے اضلاع پر مشتمل نیا صوبہ قائم کیا جائے تو نہ صرف ترقیاتی فنڈز کی براہِ راست ترسیل ممکن ہوگی بلکہ سرکاری اداروں، اچھے ہسپتالوں اور امن و امان کی صورتحال میں بھی واضح بہتری آئے گی۔

شہریوں نے واضح کیا کہ ان کا یہ مطالبہ کسی لسانی تعصب یا پشتون و سرائیکی تفریق پر مبنی نہیں، بلکہ یہ خالصتاً انتظامی بنیادوں پر اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی اور اداروں تک عوام کی آسان رسائی کا معاملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام پسماندہ علاقوں کو محرومیوں سے نکالنے کے لیے نئے صوبے لسانی کے بجائے خالص انتظامی ضرورت کے تحت ہی بنائے جانے چاہئیں۔