معرکہ لاہور: پاک فوج کے جوابی حملے پر بھارتی جنرل نرنجن پرساد کی جیپ چھوڑ کر فرار
اسلام آباد ویب ڈیسک: 1965 کی جنگ میں لاہور پر قبضے کا خواب دیکھنے والی بھارتی فوج کو اس وقت شدید ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا جب پاک فوج کی شجاعت کے سامنے 15ویں بھارتی انفنٹری ڈویژن کا جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میجر جنرل نرنجن پرساد میدانِ جنگ سے اپنی جیپ چھوڑ کر فرار ہو گیا۔
تاریخی حقائق کے مطابق، رات کی تاریکی میں لاہور پر بزدلانہ حملے کی ناکامی کے بعد بھارتی ہائی کمان شدید ہیجان کا شکار تھی۔ اس دوران میجر جنرل نرنجن پرساد نے دعویٰ کیا کہ اس کے دستے لاہور کے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔ اس جھوٹے دعوے پر بھارتی ہائی کمان نے اسے فرنٹ لائن پر جا کر حقائق کی تصدیق کا حکم دیا۔
زمینی صورتحال سے یکسر بے خبر میجر جنرل نرنجن پرساد جب واہگہ کے محاذ پر بی آر بی نہر کے قریب پہنچا، تو پاک فوج نے اسے آڑے ہاتھوں لیا۔ اچانک اور بھرپور جوابی کارروائی پر حواس باختہ بھارتی جنرل شدید کنفیوژن کا شکار ہو گیا اور اپنی تھری سٹار پلیٹ اور جھنڈے والی سرکاری جیپ چھوڑ کر جان بچا کر بھاگ نکلا۔
پاک فوج نے موقع سے فرار ہونے والے بھارتی جنرل کی جیپ، اہم نقشے اور جنگی پلان قبضے میں لے لیے۔ میجر جنرل نرنجن پرساد کی یہ جیپ آج بھی آرمی میوزیم میں پاک فوج کی شاندار فتح اور بھارتی ہزیمت کے نشان کے طور پر موجود ہے