مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں 17 مئی 2026 سے سکیورٹی فورسز کی جانب سے ایریا سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ عناصر علاقے میں متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
فی الوقت علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کا مکمل محاصرہ کر رکھا ہے۔
شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ خوارج نے مقامی آبادی کو خوفزدہ اور دباؤ میں رکھ کر اپنے لیے محفوظ راستے حاصل کرنے کی کوشش کی اور شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا، جس کی شدید مذمت کی جا رہی ہے۔
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ قومی ایکشن پلان کے تحت “عزمِ استحکام” وژن کے مطابق ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔