کوئٹہ: ویمن پارلیمنٹری کاکس (WPC) بلوچستان نے چیئرپرسن و ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ کی قیادت میں سول ہسپتال کوئٹہ میں خاتون پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر پر ہونے والے تیزاب حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خواتین کے خلاف تشدد اور انسانی وقار کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
غزالہ گولہ، شاہدہ رؤف، فرح عظیم شاہ اور دیگر ارکان نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ایسے واقعات نہ صرف متاثرہ فرد کو نقصان پہنچاتے ہیں بلکہ معاشرے میں خوف اور عدم تحفظ کو بھی جنم دیتے ہیں۔
ویمن پارلیمنٹری کاکس نے زور دیا کہ خواتین ڈاکٹروں، طبی عملے اور تمام ورکنگ ویمن کے لیے محفوظ، باوقار اور پرامن ماحول فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
کاکس نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے فوری اقدامات، خصوصاً متاثرہ ڈاکٹر کو خصوصی علاج کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے کراچی منتقل کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔
ارکان نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔
ویمن پارلیمنٹری کاکس نے متاثرہ ڈاکٹر اور ان کے اہل خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بیان میں عبدالرزاق ترکئی کی جرات مندانہ کارروائی کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا، جنہوں نے حملے کے فوراً بعد متاثرہ ڈاکٹر کی مدد کی۔ کاکس کے مطابق ان کا اقدام انسانیت، بہادری اور عوامی خدمت کی بہترین مثال ہے