وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر علی مصطفیٰ ڈار کی باکو میں پاسھا ہولڈنگ کے سی ای او سے اہم ملاقات
باکو: وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر علی مصطفیٰ ڈار نے باکو میں پاسھا ہولڈنگ (PASHA Holding) کے سی ای او سے اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان سرمایہ کاری کے مواقع اور دوطرفہ کاروباری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ ملاقات آذربائیجان ٹریڈ ہاؤس لاہور کے صدر عدیل شجاع بٹ کی کوششوں سے منعقد ہوئی، جنہوں نے دونوں جانب کے درمیان تجارتی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔
مذاکرات کے دوران تجارت کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور مختلف شعبوں میں اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں فریقین نے مستقبل میں مشترکہ منصوبوں اور تجارتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی ظاہر کی۔
علی مصطفیٰ ڈار کے ہمراہ آنے والے وفد میں طہماسپ مبشر، حافظ محمد عثمان شفیق اور عدیل شجاع بٹ شامل تھے۔
ملاقات کو پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اقتصادی اور اسٹریٹجک تعاون کو فروغ دینے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔